حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں ”یوم القدس“ ملّی جذبہ کے ساتھ بھر پور انداز میں منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی ،صوبائی، ڈویژنل ، ضلع، تحصیل اور یونٹ کی سطح پر تمام عہدیداران و کارکنان ملک بھر میں جمعة الوداع کے موقع پر ”القدس ریلیاں اورسیمینار “کے انعقاد کیلئے تمام تر انتظامات و عملی اقدامات کریں۔
علامہ ساجد نقوی نے قبلہ اول پر اسرائیلی ناجائز قبضے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قبلہ اول کی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی اور اسرائیل نے ظلم کی انتہاءکردی،ہم فلسطینیوں کی آئینی ،جمہوری اور اخلاقی حمایت جا ری رکھیں گے ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اقوام متحدہ، او آئی سی اور مسلم ممالک اپنا مثبت کر دار ادا کرتے ہوئے اسرائیلی جارحیت رکوائیں۔
علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ نے بھی اسرائیل کو ناجائز ریاست قرار دیاتھا۔ مسئلہ فلسطین و کشمیر بین الاقوامی دنیا کے سلگتے ہوئے مسائل ہیں ابھی یہ بھی حل نہ ہوپائے تھے کہ استعمار نے شام، افغانستان، عراق، یمن، لبنان اور بحرین میں ایک سازش کے تحت آگ بھڑکانا شروع کردی ۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ یوم القدس تمام مظلوموں کی حمایت کا دن ہے اسرائیلی ظلم و ستم کی انتہاءہوچکی ہے،مسلم ممالک بھی موثر کردار ادا نہیں کر پارہے جو افسوس ناک امر و باعث تشویش ہے۔ لہذا امت مسلمہ کو متحد ہو کر قبلہ اول کی آزادی کیلئے مشترکہ جدوجہد کر نا ہوگا اور فلسطینیوں کو اسرائیل کے شکنجے سے آزادکرا نا ہوگا۔